نیویارک عدالت کا بڑا فیصلہ: سکھ رہنما کو راستے سے ہٹانے کے منصوبے میں ملوث بھارتی ایجنٹ کو 19سال قید !

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز اور امریکی عدالتی دستاویزات کے مطابق، امریکی سرزمین پر سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی ناکام سازش کا اعتراف کرنے والے 55 سالہ بھارتی شہری نکھل گپتا کو مین ہیٹن کی وفاقی عدالت نے 19 سال 7 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر ماریرو نے مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں ہونے والی اہم سماعت کے دوران سکھ رہنما کے قتل کی منصوبہ بندی اور منی لانڈرنگ کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 235 ماہ قید کا حکم سنایا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ملزم نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل،قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے سنگین الزامات میں باقاعدہ اعترافِ جرم کر لیا تھا۔

امریکی استغاثہ کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے مؤقف کے مطابق نکھل گپتا نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم سکھس فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا جو امریکی اور کینیڈین دوہری شہریت کے حامل ہیں۔

عدالتی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نکھل گپتا اور بھارتی حکومتی اہلکار وکاش یادو نے اس مقصد کے لیے ایک مبینہ کرائے کے قاتل کو 15 ہزار امریکی ڈالر نقد رقم پہنچانے کا انتظام کیا تھا تاہم جس شخص کو قاتل سمجھ کر رقم دی گئی وہ دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک خفیہ اہلکار نکلا جس کے باعث یہ منصوبہ بروقت بے نقاب اور ناکام ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی و کینیڈین حکام اس واقعے کو بیرونِ ملک مقیم ناقدین اور مخالفین کو نشانہ بنانے کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : والدین بچوں کو کس ویڈیو گیم سے سختی سے دور رکھیں؟ نام سامنے آ گیا

اس مقدمے میں بھارتی اہلکار وکاش یادو پر بھی فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم وہ تاحال امریکی حراست میں نہیں ہیں اور یہ صورتحال بھی واضح نہیں ہو سکی کہ آیا انہوں نے اپنے دفاع کے لیے کوئی وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔

دوسری جانب بھارتی حکومت نے گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش میں ملوث ہونے سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات نئی دہلی کی سرکاری پالیسی کے خلاف ہیں۔

Scroll to Top