خیبر پختونخوا کے اکنامک زونز میں صنعتی پلاٹس کے غلط استعمال اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے محکمہ صنعت، تجارت و فنی تعلیم نے منظور شدہ کاروبار کے علاوہ دیگر سرگرمیوں میں ملوث یونٹس کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ مشیر گورنر ڈاکٹر محمد ارشاد نے واضح کیا ہے کہ صنعتی شعبے میں سفارش، کرپشن اور اقرباء پروری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے انڈسٹریز، کامرس، فنی تعلیم، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے مطابق محکمہ صنعت، تجارت و فنی تعلیم کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈیولپمنٹ مینجمنٹ کمپنی (KP-EZDMC) کو ایک باضابطہ اور سخت ہدایات پر مبنی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
جاری کردہ خط کے متن میں واضح حکم دیا گیا ہے کہ صوبے کے تمام اکنامک زونز میں منظور شدہ صنعتی کاروبار کے علاوہ کسی بھی دوسری سرگرمی میں ملوث یونٹس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ خالصتاً صنعتی مقاصد کے لیے الاٹ کیے گئے پلاٹس پر جاری غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کا فی الفور خاتمہ کیا جائے اور اس خلاف ورزی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
محکمہ صنعت نے اکنامک زونز کی خوبصورتی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے بھی اہم احکامات جاری کیے ہیں۔
خط کے مطابق اکنامک زونز میں این او سی (NOC) اور پیشگی اجازت کے بغیر نصب کیے گئے تمام سائن بورڈز فوری طور پر ہٹا دیے جائیں جبکہ آئندہ کسی بھی اکنامک زون میں مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر نیا سائن بورڈ لگانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید برآں تمام اکنامک زونز میں یکسانیت پیدا کرنے کے لیے سائن بورڈز کے سائز، رنگ اور ڈیزائن سے متعلق ایک یکساں پالیسی نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں متعلقہ حکام کو خبردار کیا گیا ہے کہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنا کر 15 روز کے اندر جامع رپورٹ محکمہ کو پیش کی جائے، بصورت دیگر غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : چونیاں میں لرزہ خیز واردات:زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد ہلاک!
اس حوالے سے اپنے بیان میں مشیر گورنر خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ صوبے میں صنعتی امور سے متعلق موصول ہونے والی عوامی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں عزم کا اظہار کیا کہ نظام میں شفافیت لانے کے لیے سفارش، کرپشن اور اقرباء پروری کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور کسی کو بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





