پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے اپنی شادی کی خوشیوں کو یادگار اور بامقصد بنانے کے لیے ایک منفرد اور قابلِ تقلید مثال قائم کر دی۔
نوجوان حافظ آفاق نے اپنے دعوتِ ولیمہ میں روایتی طور پر قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو مدعو کرنے کے بجائے معاشرے کے محروم اور بے سہارا طبقات یعنی یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو بطور خاص مہمان مدعو کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہونے والی اس پر وقار اور سادہ تقریب میں شہر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں، اولڈ ایج ہومز کے بزرگوں اور خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی، جہاں دولہا حافظ آفاق اور ان کے اہلِ خانہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی تواضع کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ آفاق کا کہنا تھا کہ ہم اپنی روزمرہ کی خوشیوں میں اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور عزیز و اقارب کو تو ہمیشہ شریک کرتے ہی رہتے ہیں، لیکن اصل خوشی تب ملتی ہے جب ہم ان لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیریں جن کا اس معاشرے میں کوئی سہارا نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے دور میں بھرتیوں اور نگرانی کے فقدان کا نتیجہ سامنے آ گیا، محکمہ صحت کے 1623 اہلکار ڈیوٹی سے غائب نکلے
انہوں نے بتایا کہ اسی سوچ کے تحت انہوں نے اپنے ولیمے کی تقریب ان بے سہارا افراد، یتیم بچوں اور بزرگوں کے نام کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ انہیں احساسِ محرومی سے نکالا جا سکے۔
حافظ آفاق نے ملک بھر کے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ شادی بیاہ اور دیگر خوشی کے مواقع پر فضول خرچی اور نمود و نمائش کے بجائے بے سہارا اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کیا جائے۔
دوسری جانب تقریب میں شریک مہمانوں اور سماجی حلقوں نے حاجی حافظ آفاق کے اس فلاحی اقدام کو بے حد سراہا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جہاں شادیوں پر بے جا اخراجات کا رجحان بڑھ رہا ہے، وہیں یتیم بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو عزت و احترام کے ساتھ ولیمے میں مدعو کرنا ایک نہایت مثبت اور قابلِ تقلید روایت ہے، جس سے معاشرے میں ہمدردی، ایثار اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔





