پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال صوابی کے 113 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا افتتاح کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، جب کہ اس اقدام کو گورنر راج کے بعد صوبے میں شعبہ صحت کی ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
10 سال بعد نیا بلاک اور طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پورے 10 سال کے طویل عرصے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال صوابی کا نیا بلاک تعمیر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے اور پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ خیبرپختونخوا کے شہریوں کو علاج معالجے کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
گورنر نے مزید کہا کہ نئے اسپتالوں کے قیام کے ساتھ ساتھ موجودہ اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ نامکمل ترقیاتی منصوبوں کو فعال اور مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابقہ حکومتوں کے عوامی مفاد کے حامل منصوبوں کو بھی التوا کا شکار چھوڑنے کے بجائے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
مسجد کی تعمیر، اسپورٹس گراؤنڈ اور امن و امان
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسپتال میں مسجد کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات شہریوں کی دہلیز پر پہنچانا اور صوبے کو ترقی یافتہ و خوشحال بنانا عزم کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جیٹ فیول، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی، نئی قیمتیں جاری
نوجوانوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے نئے منصوبوں کا آغاز اور انہیں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے، جس کے تحت صوابی میں بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہے، جس کے بغیر ترقی کا عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔
مشیر صحت کا بیان اور عوامی توقعات
اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے اسپتال کے نئے بلاک کو صوابی کے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بلاک کی تکمیل سے مقامی شہریوں کو اپنے ہی ضلع میں بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ صوابی میں صحت کی مزید سہولیات کی فراہمی اور صوبے بھر میں طبی نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





