سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کے طویل سیاسی سفر، خاندانی اثر و رسوخ، احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقات، اور سندھ میں نئے انتظامی یونٹس و صوبوں کے مطالبات پر بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔
سکھر عوام کا کہنا ہے کہ دہائیوں تک اقتدار اور اہم عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود سکھر کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جب کہ سیاسی خاندانوں کی گرفت مضبوط تر ہوتی گئی ہے۔
میٹر والی سرکارسے طویل سیاسی اقتدار تک
دستاویزی ریکارڈ اور سیاسی پس منظر کے مطابق سید خورشید احمد شاہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 میں ٹیلی فون کمپلینٹ کلرک کے طور پر کیا اور بعد ازاں واپڈا میں میٹر ریڈر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں، جس کے باعث بعض حلقوں میں آج بھی انہیں “میٹر والی سرکار” کہا جاتا ہے۔
پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد ان کا سیاسی سفر تیز ہوا؛ وہ 1988 میں پہلی بار سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر بنے، جس کے بعد 1990، 1993، 1997، 2002، 2008، 2013، 2018 اور 2024 میں این اے 201 سکھر سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے محکموں میں 836 ارب 43 کروڑ کی مالی بے ضابطگیاں، غیر قانونی بھرتیاں اور ناقص منصوبہ بندی، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نے گورننس کا پول کھول دیا
اس دوران انہوں نے سندھ میں تعلیم، ٹرانسپورٹ، کھیل، خزانہ اور منصوبہ بندی جیسے اہم محکموں کے قلم دان سنبھالے، وفاق میں وزیر تعلیم، مذہبی امور، محنت و افرادی قوت اور آبی وسائل کے طور پر خدمات انجام دیں، اور 2013 سے 2018 تک قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔
ان کے بیٹے فرخ شاہ سندھ اسمبلی کے رکن ہیں جب کہ بھتیجا سید اویس قادر شاہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ہیں۔
سکھر میں ان کے بنگلے کو لے کر بھی تنقیدی حلقوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ مسجد اور اسکول کے لیے مختص زمین پر تعمیر کیا گیا ہے، تاہم ان کے حامی اور پارٹی قیادت ان الزامات کو سیاسی انتقام قرار دیتی رہی ہے۔
نیب تحقیقات، ریفرنسز اور ایف آئی اے کو منتقلی
اگست 2019 میں نیب کے ایک اہلکار کی جانب سے میڈیا کو دی گئی بریفنگ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خورشید شاہ اور مبینہ فرنٹ مینوں کے نام پر 500 ارب روپے تک کے اثاثے، 105 بینک اکاؤنٹس اور درجنوں جائیدادوں کے شواہد سامنے آئے ہیں، جن میں ایک مبینہ فرنٹ مین کے نام پر 83 جائیدادوں کا ذکر بھی شامل تھا۔
اس کے بعد 18 ستمبر 2019 کو نیب نے انہیں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار کیا اور دسمبر 2019 میں ان کے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور ٹھیکیداروں سمیت 18 ملزمان کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا ریفرنس دائر کیا۔
یہ بھی پڑھیں : مودی اور بی جے پی کے خارجہ دعوے ڈوب گئے، ملائیشیا نے بھارت کا ویزا بند کر دیا، بھرم چکنا چور، یکم جنوری 2027 سے نئی پابندی نافذ
تحقیقات کے دوران نیب نے تقریباً 600 ایکڑ زرعی اراضی، پلاٹس، بنگلوں، بینک ٹرانزیکشنز، عمر جان اینڈ کمپنی اور نواب خان اینڈ کمپنی کو دیے گئے اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر ٹھیکوں، ویمن یونیورسٹی اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کالج کے فنڈز، بے نامی کھاتوں اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اسکینڈل و اسلام آباد کی پانچ ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا۔
اکتوبر 2021 میں سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دی اور اثاثوں کی مالیت و زرعی آمدن کے تعین پر سوالات اٹھائے۔ بعد ازاں اکتوبر 2025 میں نیب نے تقریباً چھ سال بعد 19 کروڑ روپے کا حتمی ریفرنس پیش کیا، جسے نومبر 2025 میں احتساب عدالت نے مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کو منتقل کر دیا۔
سکھر کے مسائل اور نئے صوبوں پر بحث
سکھر کے عوام کا کہنا ہے کہ ایک جانب سیاسی خاندانوں کی اگلی نسل اہم عہدوں پر موجود ہے اور دوسری جانب سکھر کے شہری تعلیم، صحت، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر 2019 کی ایک پرانی ویڈیو بھی زیرِ گردش ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حلقے کے دورے کے دوران عوامی احتجاج کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ناقدین کا مؤقف ہے کہ سندھ میں اختیارات اور وسائل کے ارتکاز نے نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کی بحث کو مزید ہوا دی ہے، کیوں کہ ان کے بقول نئے یونٹس بننے سے فنڈز اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے اور مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ مل سکے گا، جس کے باعث روایتی سیاسی قوتیں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی مخالفت کرتی ہیں۔





