آڈیٹر جنرل آف پاکستان (AGP) کی آڈٹ رپورٹس اور سرکاری دستاویزات نے سندھ حکومت کے محکموں میں ہونے والی سالانہ سینکڑوں ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور منظم لوٹ مار کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
جس کے تناظر میں یہ سوال زیر بحث ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی مخالفت کسی عوامی ہمدردی میں کر رہے ہیں یا اس شدید خوف سے کہ نئے یونٹس بننے سے ان کے اور ان کے حواریوں کے لیے اربوں روپے کی کرپشن اور کمیشن مافیا کے تمام راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیں گے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی مرتب کردہ آڈٹ رپورٹس کے اعداد و شمار اس تلخ حقیقت کو بے نقاب کرتے ہیں کہ گزشتہ 18 برسوں سے سندھ پر بلاشرکتِ غیرے حکمرانی کرنے والی پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار میں صوبے کے سرکاری خزانے کو کس بے دردی سے لوٹا گیا ہے۔
دستاویزی شواہد کے مطابق صرف ایک مالی سال کے دوران سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں مجموعی طور پر 836 ارب 43 کروڑ روپے کی سنگین مالی بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کی نشاندہی کی گئی، جس نے صوبائی حکومت کی شفافیت کے تمام بلند بانگ دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
آڈٹ دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے وزراء اور بیوروکریسی نے اپنی مبینہ کرپشن کے شواہد مٹانے کے لیے آڈٹ حکام کو 97 ارب 86 کروڑ روپے کے سرکاری اخراجات کا ریکارڈ ہی فراہم نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کا شاخسانہ، عمرکوٹ ہسپتال کی کروڑوں کی عمارت ‘بھوت بنگلہ’ اور کھنڈر میں تبدیل
اسی طرح سرکاری خریداری (پروکیورمنٹ) اور من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کی مد میں 55 ارب 40 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں پکڑی گئیں، جبکہ میرٹ کا قتل کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے برخلاف سیاسی بنیادوں پر غیر قانونی بھرتیوں اور گھوسٹ ملازمین کی مد میں قومی خزانے کو 32 ارب 12 کروڑ روپے کا براہِ راست نقصان پہنچایا گیا۔
دستاویزات میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ سرکاری رقوم کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجی اور کمرشل بینکوں میں رکھ کر منافع خوردبرد کرنے اور مشکوک کھاتوں کے ذریعے 42 ارب 10 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔
اس کے علاوہ انتظامی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی پر 65 ارب روپے ضائع کیے گئے جبکہ براہِ راست فراڈ اور غبن کی مد میں 1 ارب 8 کروڑ روپے سے زائد کی لوٹ مار سامنے آئی، جس نے سندھ کی گورننس پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حالیہ آڈٹ رپورٹ میں صرف محکمہ آبپاشی سندھ کے اندر 23 ارب 95 کروڑ روپے کی سنگین مالی بے ضابطگیوں، سیلابی پشتوں کے شگاف پُر کرنے کے نام پر جعلی بلوں کی ادائیگی اور غیر قانونی ٹھیکوں کا بھی بھانڈا پھوٹا ہے۔
اسی طرح دیگر رپورٹس میں 15 کھرب روپے کے تعلیمی بجٹ کے باوجود 74 لاکھ بچوں کے اسکول سے باہر ہونے، 5 ہزار 922 اسکولوں کی بنیادی سہولیات سے محرومی اور کے-فور منصوبے کی لاگت 15 ارب سے 1 ہزار فیصد بڑھ کر 171 ارب 81 کروڑ روپے تک پہنچنے جیسے ہوشربا اعداد و شمار بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے نئے صوبوں یا شہری علاقوں کے لیے الگ انتظامی یونٹس کے مطالبے پر سڑکوں پر خون بہنے اور ہتھیار اٹھانے جیسی دھمکیوں کے پیچھے اصل محرک یہی سالانہ 836 ارب روپے کا مالیاتی نیٹ ورک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو فرنٹ مین یا اصل کھلاڑی مراد علی شاہ؟ سندھ کے کھربوں کے بجٹ اور وسائل پر قبضے کا پردہ چاک
مبصرین کے مطابق کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہری مراکز سے اکٹھا ہونے والا اربوں روپے کا ٹیکس اور این ایف سی ایوارڈ کے فنڈز سندھ کے مرکزی خزانے میں آتے ہیں، جہاں سے بلاول بھٹو کے حواری، وزراء اور ٹھیکیدار کمیشن کے ذریعے اپنا حصہ بٹورتے ہیں۔
اگر سندھ میں نئے انتظامی یونٹس یا صوبے قائم ہو گئے تو مالی وسائل اور انتظامی اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو جائیں گے اور شہری علاقوں کا پیسہ انہی شہروں کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوگا۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سندھ کی موجودہ حکمران اشرافیہ کی 18 سالہ جاگیردارانہ اجارہ داری اور لوٹ مار کا دروازہ بند ہونے کے خوف نے ہی بلاول بھٹو اور ان کے حواریوں کی نیندیں اڑا رکھی ہیں، اسی لیے وہ آئینی ریفرنڈم سے بھاگ کر تشدد کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔





