خیبر پختونخوا کی 64 فیلڈ فارمیشنز میں کیش لیس ادائیگیوں کا نظام متعارف، ون لنک و ون بل سے ادائیگیاں ممکن

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے بلدیاتی نظام میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 64 فیلڈ فارمیشنز کو پیمنٹ سسٹم پر منتقل کر دیا ہے، جہاں اب نقد رقم کے بجائے ون لنک اور ون بل کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں کی جا سکیں گی۔

 چالان سے پہلے معلومات لازمی قرار

محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری مراسلے میں لوکل کونسل بورڈ کے سیکرٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کو پابند کیا جائے کہ چالان پرنٹ کرنے سے قبل ادائیگی کرنے والے شخص کا شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس لازمی درج کریں۔

مراسلے کے مطابق فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پیمنٹ سسٹم آئی ڈی تیار کی جائے گی، جس کے ذریعے شہری ون لنک اور ون بل کے پلیٹ فارم سے اپنی ادائیگیاں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نئے بلاک کا افتتاح، عوام کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں میں نہیں جانا پڑے گا، گورنر فیصل کریم کنڈی

محکمہ بلدیات نے واضح کیا ہے کہ چالان کی پرنٹنگ سے پہلے ادائیگی کنندہ کی مطلوبہ تفصیلات درج کرنا ضروری ہوگا تاکہ ڈیجیٹل ادائیگی کا عمل مکمل اور شفاف طریقے سے انجام پا سکے۔

آسک ای بلدیہ کا نیا آپشن شامل

محکمہ بلدیات نے ای بلدیہ سسٹم میں شہریوں اور متعلقہ عملے کی رہنمائی کے لیے “آسک ای بلدیہ” کا نیا آپشن بھی شامل کر دیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے فیلڈ فارمیشنز اور صارفین ڈیٹا انٹری، رپورٹس، ڈیش بورڈز اور سسٹم سے متعلق دیگر سوالات کے جوابات اور رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔

مراسلے میں لوکل کونسل بورڈ سے کہا گیا ہے کہ تمام ٹی ایم ایز کو نئی ہدایات سے فوری آگاہ کیا جائے تاکہ صوبائی حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کے تحت بلدیاتی اداروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرکاری امور کی انجام دہی کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا سکے۔

Scroll to Top