نوشہرہ میں شادی کی بارات پر فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق، 2افراد زخمی

نوشہرہ کے علاقے جلوزئی شاہ کوٹ پایان میں دیرینہ دشمنی پر شادی کی بارات کے دوران دو مخالف گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 مہمان شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شاہ کوٹ پایان میں شادی کی بارات مخالف گروپ کے گھر کے سامنے سے گزر رہی تھی کہ اس دوران دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک فریق سے شاہد خان اور ان کا بیٹا سنگین خان جبکہ دوسرے فریق سے حضرت حسین ولد محمد عامر جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کی زد میں آکر شادی میں شرکت کے لیے آنے والے 2 مہمان بھی شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پبی کے میاں راشد حسین شہید میموریل اسپتال اور نوشہرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان عرصہ دراز سے دشمنی چلی آرہی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Scroll to Top