سائبر جرائم کے خلاف بڑا قدم، این سی سی آئی اے نے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کی سہولت اور سائبر جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے سائبر انفارمیشن ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے سائبر کرائم سے متعلق اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔

این سی سی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے شہری سائبر فراڈ، آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور دیگر سائبر جرائم کی شکایات چند کلکس کے ذریعے درج کرا سکیں گے۔ ایپ کا مقصد شہریوں کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنا اور شکایات کے اندراج کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایپ کے ذریعے شہری نہ صرف اپنی شکایات درج کرا سکیں گے بلکہ ان کی پیشرفت سے متعلق معلومات بھی حاصل کر سکیں گے، تاکہ انہیں اپنی شکایت کی صورتحال سے باخبر رہنے میں آسانی ہو۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ایپ میں سائبر کرائم سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مواد بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں نوجوان نسل کے لیے خصوصی معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ شہری آن لائن فراڈ اور دیگر خطرات سے بروقت آگاہ رہیں اور خود کو محفوظ رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: این سی سی آئی اے کا خوفناک انکشاف: آن لائن گیمز اور بیٹنگ پورٹلز کے ذریعے بڑا مالی فراڈ بے نقاب!

ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایپ کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہر شہری اسے آسانی سے استعمال کر سکے۔ اس اقدام سے سائبر جرائم کی شکایات کے فوری اندراج اور عوام میں ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top