بھارت کے پاس دہشتگردی کے ثبوت ہیں تو پیش کرے، پاکستان کے پاس بھی شواہد موجود ہیں، مصدق ملک

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ دہشتگردی کے معاملے پر بات ضرور ہوگی، تاہم یہ گفتگو شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر کی جائے گی، اشتعال انگیزی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

بھارت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے بھارتی میڈیا کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنا اور اس مسئلے کو ختم کرنا ہوگا۔ دہشتگردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان کئی بار بھارت سے دہشتگردی کے حوالے سے ثبوت مانگ چکا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بھی دہشتگردی سے متعلق شواہد موجود ہیں، اس لیے جب بھی اس معاملے پر بات ہوگی تو ثبوتوں کے ساتھ ہوگی۔ محض ایک دوسرے کو اکسانے سے مسائل کا حل نہیں نکلے گا۔

مصدق ملک نے کہا کہ وہ بھارت میں باہمی معاملات پر بات چیت کے لیے نہیں آئے۔ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے گفتگو سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اس معاملے پر بات چیت کے لیے باضابطہ دعوت دے گا تو پاکستان ضرور گفتگو کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمٰن کا دوہرا مؤقف بے نقاب! کل کا بیانیہ کچھ اور، آج کا مؤقف کچھ اور، بدلتے سیاسی چہرے پر عوام کے سخت سوالات

انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر بات چیت کے لیے مدعو نہیں کیا گیا، تاہم باضابطہ دعوت ملنے پر اس معاملے پر بات کی جائے گی۔

Scroll to Top