شہزاد نوید
سوات: تھانہ منگلور کی حدود سنگوٹہ میں جائیداد اور گھریلو تنازع پر دو بھائیوں کے خاندانوں میں فائرنگ کے تبادلے سے سابق پولیس سب انسپکٹر، بھتیجا اور ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سوات پولیس ناصر اقبال کریمی کے مطابق سابق پولیس سب انسپکٹر فضل کرم اپنے بیٹوں کے ہمراہ اپنے بھائی محمد رحمان کے گھر گئے تھے، جہاں پرانے تنازع پر دونوں فریقین میں تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ فائرنگ تک جا پہنچا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں فضل کرم کا بھتیجا ذوہیب اور گھر میں موجود خاتون (بھابھی/مہمان خاتون مسماۃ ر) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ذوہیب کے بھائیوں کی جوابی فائرنگ سے سابق سب انسپکٹر فضل کرم بھی مارے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی منگلور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : مفادات پر خاموشی اور توقعات پوری نہ ہونے پر ہتھکنڈوں کا الزام، شہریوں کا فضل الرحمان سے جائیداد کے کاغذات پیش کرنے کا مطالبہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان کے نوٹس لینے پر ایس ایچ او تھانہ منگلور سرباز خان نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تہرے قتل میں ملوث دونوں فریقین کے چار ملزمان سمیع اللہ، فضل کرم ،جنید خان اور اشفاق کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔





