راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہتے ہوئے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے نئی پہچان بنائی، رانا ثنا اللہ
قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان سمیت بری فوج، شاہی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات میں دفاعی شراکت داری کو وسعت دینے، دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔





