امریکا کی جانب سے ایران کے مالیاتی نظام سے منسلک دو درجن سے زائد کمپنیوں، ایکسچینج ہاؤسز اور افراد پر نئی پابندیوں کے اعلان کے بعد بلیک مارکیٹ میں ایرانی کرنسی ریال کی قدر ریکارڈ کم ترین سطح پر گر گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کی سہ پہر ایرانی اوپن اور بلیک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 5 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 28 لاکھ 20 ہزار سے 28 لاکھ 56 ہزار ریال تک جا پہنچی جو پیر کے روز تقریباً 26 لاکھ 80 ہزار ریال تھی۔
اسی طرح یورو کی قدر میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور بلیک مارکیٹ میں ایک یورو کی قیمت بڑھ کر تقریباً 30 لاکھ 70 ہزار ریال ہوگئی جبکہ ایک روز قبل اس کی قیمت تقریباً 29 لاکھ 40 ہزار ریال ریکارڈ کی گئی تھی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی کرنسی کی حالیہ گراوٹ محض ایک دن کا ردعمل نہیں بلکہ برسوں سے جاری امریکی و ایرانی کشیدگی، جوہری تنازع، بین الاقوامی پابندیوں اور ایران کے اندرونی معاشی بحران کا تسلسل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جائیداد پر جائیداد، بنگلے پر بنگلہ؛ لاہور میں مزید جائیدادوں کی اطلاعات، فضل الرحمان سے منسوب اثاثوں کی فہرست مزید طویل ہوگئی
واضح رہے کہ ایران کے مرکزی بینک کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری شرح تبادلہ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں خاصی کم ہوتی ہے جس کے باعث عام شہری اور تاجر لین دین کے لیے زیادہ تر غیر سرکاری یا بلیک مارکیٹ کے نرخوں پر انحصار کرتے ہیں۔





