باجوڑ: تحصیل ماموند میں لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے باجوڑ کے چھ مقامی نوجوانوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق لیبیا کے ساحل کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں 35 پاکستانی جاں بحق ہوئے، تاہم تاحال کسی کی لاش برآمد نہیں ہو سکی ہے۔
حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں اور علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ مقامی سطح پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
مشیر گورنر خیبر پختونخوا کا ردعمل اور اپیل
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ سے غیر قانونی طریقوں سے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دینے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ڈی پی او خان زیب مہمند
مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے انڈسٹریز، کامرس، فنی تعلیم، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈاکٹر محمد ارشاد نے باجوڑ کے نوجوانوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے تین درجن نوجوانوں کی موت پر انتہائی افسوس ہوا ہے۔
ڈاکٹر محمد ارشاد نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی ذرائع کے بجائے محکمہ انڈسٹریز خیبر پختونخوا کے زیرِ نگرانی چلنے والے فنی تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کریں تاکہ انہیں ملک اور بیرونِ ملک باعزت روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔





