خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اینٹی ڈرون نظام اور آلات کی فوری فراہمی شروع، تنخواہوں اور شہدا پیکیج میں اضافے پر جلد پیشرفت ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ صوبائی پولیس کو مضبوط بنانے کے لیے اینٹی ڈرون نظام اور جدید سامان کی فوری فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور شہدا پیکیج میں اضافے پر بھی کام تیز کر دیا گیا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی ایسے وقت میں نافذ کی گئی جب دہشت گردی عروج پر تھی۔

 ان کے مطابق پولیس کی برسوں سے زیرِ التوا ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جس کے تحت پولیس فورس کو ڈرونز سمیت دیگر ناگزیر آلات فوری فراہم کیے جا رہے ہیں، اور تنخواہوں و شہدا پیکیج میں اضافے کے حوالے سے بھی جلد اہم پیشرفت سامنے آئے گی۔

ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز پر بات کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبے کے لیے 170 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا معاملہ زیرِ عمل ہے، جس کے تحت ضم شدہ اضلاع اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں مشاورت کا عمل جلد شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : امن کمیٹیوں کا منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کا برین چائلڈ تھا، کوہاٹ میں سرگرم افراد میں پی ٹی آئی، جے یو آئی، پی ٹی ایم اور دہشت گردوں کے ہمدرد شامل ہیں، سابق ڈی آئی جی ادریس خان

 انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیرِ مواصلات کے حالیہ دورے کے دوران صوبے کے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جس میں انہوں نے شمالی بائی پاس پر کام فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ اپر و لوئر چترال، دیر اور چکدرہ کے راستوں سمیت دیگر اہم شاہراہوں کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

گورنر کے مطابق صوبے کے جنوبی علاقوں میں بائی پاس کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے، جبکہ سی پیک روٹ اور سوات ایکسپریس وے پر حادثات کی صورت میں بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے درمیانی مقامات پر ریسکیو اور صحت کی سہولیات قائم ہونی چاہئیں۔

صوبے کی مالی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریونیو اور آمدن میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا محصولات کی وصولی یقینی بنائیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ حکومت صوبے کو قرض یا اضافی مالی امداد کے سہارے چلانے کے بجائے سرکاری اداروں کو مضبوط اور خود کفیل بنانا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری، تودے اور چٹانیں گرنے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا ہنگامی پلان تیار

گورنر خیبرپختونخوا نے تعلیمی و طبی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی جامعات کو مالی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وہاں ہونے والی غیر ضروری یا غیر قانونی بھرتیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، تاہم کسی بھی بہتر نظام کو ختم کرنے کے بجائے اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

 انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز اور فزیوتھراپسٹس کی تنخواہوں اور سروس اسٹرکچر سے متعلق مسائل بھی حکومت کے زیرِ غور ہیں تاکہ اداروں کو مستقل بنیادوں پر مستحکم کیا جا سکے۔

Scroll to Top