رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے شاندار کھیل اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
بھارت اے کی جانب سے دیا گیا 318 رنز کا بڑا ہدف سری لنکن بلے بازوں نے بھارتی بولنگ لائن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 42ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل معرکے میں بھارت اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز اسکور کیے اور سری لنکا اے کو فائنل میں رسائی کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے کے اوپنرز نے آغاز ہی سے پراعتماد اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
سری لنکن اوپنرز لاستھ کراس پلے اور سائنتھ جیاوردھنے نے شاندار سنچریاں اسکور کر کے بھارتی بولرز کو بے بس کر دیا اور اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔
اس کے علاوہ نشان مدھوشکا نے بھی 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان پوون رتنا نائیکے 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور سری لنکا اے نے مطلوبہ ہدف 2 وکٹیں گنوا کر 42ویں اوور کی تیسری گیند پر باآسانی عبور کر کے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔
یہ بھی پڑھیں : چھاؤنیوں کو آگ لگانے کی دھمکی؟ مولانا فضل الرحمان کے بھائی عطا الرحمان کی انتہائی اشتعال انگیز تقریر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل
ایشیا بھر کے کرکٹ شائقین اور کھیلوں کے مبصرین نے سری لنکا اے کی جانب سے 318 رنز جیسے بڑے ہدف کے یکطرفہ تعاقب اور اوپنرز کی شاندار سنچریوں کو نوجوان ٹیلنٹ کا بہترین اظہار قرار دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سری لنکا اے کی اس جیت نے ثابت کر دیا ہے کہ ایشیائی کرکٹ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑی کسی بھی بڑی ٹیم کے خلاف دباؤ لیے بغیر فیصلہ کن کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جس سے ٹورنامنٹ کا فائنل مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ہو گیا ہے۔





