ریاست اور پاک فوج سے متعلق فضل الرحمان کے بیانیے پر خود جے یو آئی کے اندر بھی انگلیاں اٹھنے لگیں: سینئر صحافی عقیل یوسفزئی

سینئر صحافی و تجزیہ کار عقیل یوسفزئی نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات، احتجاجی سیاست اور ریاستی اداروں سے متعلق سخت لہجے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی شکایات اور تحفظات اپنی جگہ لیکن ریاست، معدنیات اور پاک فوج کے حوالے سے ان کا سخت لہجہ اور یک طرفہ بیانیہ مناسب نہیں۔

 عقیل یوسفزئی کے مطابق خود جمعیت علمائے اسلام کے اندر بھی بعض رہنماؤں اور حلقوں کو ان کے اس طرزِ عمل پر اعتراضات ہیں۔

سینئر تجزیہ کار نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سنجیدہ، سمجھ دار اور تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں جو ملکی معاملات سے بخوبی آگاہ ہیں اس لیے انہیں تحریک انصاف کا طرزِ سیاست اختیار کرنے کے بجائے اپنی سیاسی سرگرمیوں اور اظہارِ رائے میں نرمی لانی چاہیے تاکہ موجودہ سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔

عقیل یوسفزئی نے نشاندہی کی کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مولانا فضل الرحمان کا خاصا اثر و رسوخ ہے اور ان کے پاس سیاسی کارکنوں، مدارس اور حامیوں کی صورت میں بڑی قوت موجود ہے۔ ایسے حالات میں اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ تحریک انصاف کی مزاحمتی سیاست سے ملنے والے وقفے کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ ایک نیا محاذ نہ کھل جائے۔

اپنی گفتگو میں عقیل یوسفزئی نے قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے رویے اور پالیسی کا بھی ذکر کیا اور اس حوالے سے مزید سختی پیدا ہونے کے خدشات ظاہر کیے۔

یہ بھی پڑھیں : سردیوں میں جوڑوں کا درد، بچاؤ کیسے ممکن؟یہ 4 احتیاطی تدابیر ضروراپنائیں

 ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنی سیاسی حیثیت، تجربے اور جماعت کے اثر و رسوخ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا طرزعمل اختیار کرنا چاہیے جس سے سیاسی کشیدگی کم ہو اور محاذ آرائی کی نئی صورتحال پیدا نہ ہو۔

Scroll to Top