لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹنے اور اس میں خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے لگ بھگ 35 نوجوانوں کے لاپتا ہونے کی خبروں نے ایک الجھی ہوئی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
ایک طرف مقامی سطح پر تعزیتی سلسلہ جاری ہے اور غائبانہ جنازے بھی پڑھے جا چکے ہیں، جبکہ دوسری طرف دفتر خارجہ اور پولیس کی جانب سے تاحال ایسے کسی واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں واضح کیا کہ لیبیا میں کسی کشتی کے ڈوبنے اور پاکستانی شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات کی اب تک آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دعا گو ہیں کہ یہ خبریں درست ثابت نہ ہوں تاہم طرابلس میں موجود پاکستانی سفارتی مشن حقائق جاننے کے لیے لیبیا کے حکام اور عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور تصدیق شدہ تفصیلات ملتے ہی عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب بدھ کے روز سے پھیلنے والی ان اطلاعات کے تناظر میں گزشتہ روز باجوڑ کے علاقے میں 10 افراد کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ باجوڑ کے سرکاری فیس بک اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق حکام نے ماموند کے متاثرہ گھرانوں کے پاس جا کر ان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کو غیر قانونی راستوں سے باہر بھجوانے والے انسانی اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی۔
اسی طرح صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بھی ایکس پر جاری پیغام میں باجوڑ کے نوجوانوں کی مبینہ ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
ادھر خیبر پختونخوا پولیس نے گزشتہ روز صورتحال واضح کرتے ہوئے بتایا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو حادثے کی یہ اطلاع دراصل انسانی اسمگلنگ کے ایجنٹوں کی جانب سے دی گئی ہے تاہم محکمہ پولیس کے پاس بھی لیبیا میں کسی تازہ حادثے کے شواہد یا تصدیق موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمتوں سے متعلق بڑی خبر
یاد رہے کہ لیبیا کا سمندری راستہ یورپ میں غیر قانونی داخلے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک خطرناک گزرگاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں اس سے قبل بھی متعدد المناک واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ گزشتہ برس فروری 2025 میں بھی مغربی لیبیا کے قریب ایک کشتی ڈوبنے کے واقعے میں باجوڑ اور کرم کے رہائشیوں سمیت 16 پاکستانی شہریوں کی موت کی سرکاری سطح پر تصدیق کی گئی تھی۔





