خیبر پختونخوا میں فضل الرحمان کی انتشاری کال بری طرح فلاپ: کارکن زمین گرم نہ کر سکے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال کو خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں خاطر خواہ عوامی پذیرائی نہ ملی۔ 

 کالام، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد شہروں میں احتجاجی سرگرمیاں انتہائی محدود یا نہ ہونے کے برابر رہیں جس کے باعث معمولاتِ زندگی اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہوئی۔

سیاحتی مقام کالام کے قائم مقام ایس ایچ او نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ علاقے میں کسی بڑے جلسے یا دھرنے کا انعقاد نہیں ہوا، امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ ان کے مطابق اتروڑ کے ایس ایچ او بھی اپنی نفری کے ہمراہ موجود ہیں جبکہ ڈی ایس پی، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ 

دوسری جانب مقامی شہریوں نے احتجاجی طرز سیاست پر تنقید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عوام نے جس طرح تحریک انصاف کے احتجاجی طرزعمل کو مسترد کیااسی طرح جے یو آئی کی احتجاجی کال کو بھی رد کر دیا ہے۔

چارسدہ میں جے یو آئی کی احتجاجی کال پر تقریباً پچاس کارکنان فاروق اعظم چوک پہنچےتاہم مختصر احتجاج کے بعد منتشر ہو گئے۔ احتجاج کے باوجود شہر میں ٹریفک کی روانی اور کاروباری و روزمرہ سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔

اسی طرح مولانا فضل الرحمان کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی احتجاجی کال کوئی بڑا اجتماع اکٹھا نہ کر سکی۔ مفتی محمود چوک پر احتجاجی کارکنان موجود نہیں تھے جبکہ پولیس کے انتظامات کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رہی اور شہریوں کو آمدورفت میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

مختلف اضلاع سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق جے یو آئی کی احتجاجی کال بڑے عوامی اجتماع میں تبدیل نہیں ہو سکی۔

Scroll to Top