خیبر پختونخوا بالخصوص قبائلی اضلاع کے نوجوان طلبہ و طالبات کو بااختیار بنانے، فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کرنے اور روزگار و تعلیم سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے پشاور پریس کلب میں گرینڈ یوتھ جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ جرگہ ٹرائبل یوتھ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے اشتراک سے منعقد ہوا جس میں قبائلی نوجوانوں کو درپیش چیلنجز، دستیاب مواقع، نمائندگی اور بااختیاری کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ 
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا جبکہ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا نعمان مجاہد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
جرگے سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے میزبان و ٹرائبل یوتھ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر مرتضیٰ محسود نے کہا کہ نوجوانوں کو محض بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے تعلیم، روزگار اور مختلف فورمز پر نوجوانوں کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ و پالیسی اینالسٹ اسلام وزیر نے یوتھ پالیسی، روزگار، نمائندگی اور بااختیاری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی کے لیے مؤثر پالیسی سازی کو ناگزیر قرار دیا۔
مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر یوتھ افیئرز نعمان مجاہد نے صوبائی حکومت اور ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے نوجوانوں کے لیے جاری اقدامات، پروگراموں اور آئندہ کے وژن سے آگاہ کیا۔

ایڈووکیٹ جویریہ نے خواتین نوجوانوں کے مسائل، چیلنجز اور مختلف شعبوں میں ان کی شمولیت و بااختیاری پر روشنی ڈالی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے سینئر رہنما ولید ہاشمی نے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر اپنے خیالات پیش کیے۔
اجلاس میں تعلیم، فنی تربیت، روزگار، کاروباری مواقع، خواتین کی نمائندگی، کھیل، ثقافت، سیاحت اور قیامِ امن میں نوجوانوں کے کردار سمیت اہم امور زیرِ بحث آئے۔ شرکاء نے خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑمیں سماجی کارکن نشانہ بن گئے،وزیرمملکت مبارک زیب خان کا جذباتی بیان سامنے آ گیا
مرتضیٰ محسود نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جرگے میں سامنے آنے والی تمام سفارشات اور مطالبات اعلیٰ حکام اور صوبائی و وفاقی حکومتوں تک پہنچائے جائیں گے اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے حقوق اور نمائندگی کے لیے آئندہ بھی جرگوں، سیمینارز اور مشاورتی نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔





