حاضر سروس پولیس اہلکاروں کی جانب سے قائم کردہ پولیس امن کمیٹیوں کی سرگرمیوں پر لکی مروت اور بنوں کے شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ اور بالخصوص گورنر خیبر پختونخوا سے معاملے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔
سینئر صحافی ظاہر شاہ شیرازی نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس امن کمیٹیوں میں شامل حاضر سروس اہلکاروں کے پاس سرکاری اسلحہ، گولہ بارود، آلات اور پولیس کی گاڑیاں موجود ہیں تاہم اپنے افسران کے احکامات کی خلاف ورزی اور محکمانہ نظم و ضبط سے انحراف ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی اہلکار سرکاری وردی پہنے اور سرکاری شناختی کارڈ و اسلحہ رکھنے کے باوجود اپنے افسران کے احکامات تسلیم نہ کرے اور محکمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے تو یہ عمل ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کے مترادف ہے۔
ظاہر شاہ شیرازی کے مطابق سابق صوبائی حکومت اور سہیل آفریدی کے دور میں بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ میں ان کمیٹیوں کی سرگرمیاں نمایاں ہوئیں اور پولیس کے اندر ایک متوازی فورس قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حاضر سروس اہلکاروں کا سرکاری وسائل استعمال کرنے کے باوجود اپنے کمانڈرز کے احکامات نہ ماننا ریاستی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پی ٹی ایم اور تحریک انصاف بھی اسی نوعیت کا بیانیہ اختیار کر چکی ہیں، جبکہ جماعت اسلامی نے بھی اس بیانیے کی حمایت کی۔ ان کے بقول ایسے بیانیے کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : بنگلہ دیش کو شکست :پاکستان شاہینز رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئے
ظاہر شاہ شیرازی نے مزید کہا کہ پولیس امن کمیٹیوں کا معاملہ موجودہ انتظامی سیٹ اپ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ گورنر راج کے نفاذ کے بعد نئے روڈ میپ اور انتظامی نظام کا بنیادی مقصد دہشت گردی اور تشدد کا خاتمہ کر کے صوبے میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔





