وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ اختیاراتی وفود نے خصوصی ملاقات کی جو مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
اس اہم بیٹھک میں تینوں برادر ممالک نے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا دوٹوک فیصلہ کیا۔
وزیراعظم سے ملاقات کے لیے آنے والے سعودی وفد میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی شامل تھے جبکہ ترک وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائراکتار اوغلو شریک تھے۔
پاکستان کی جانب سے ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد اور مشترکہ عزم انتہائی خوش آئند ہے۔
پاکستان سعودی عرب اور ترکیے نے سیکیورٹی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے متحد رہنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور زیرِ غور آئے، جہاں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : وردی، اسلحہ اور گاڑیاں سرکاری مگر افسران کے احکامات سے انکار
ملاقات کے اختتام پر مکہ دفاعی اتحاد کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور اعلامیہ کے مطابق تینوں برادر ممالک نے قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





