خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس، قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے بڑے انتظامی فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے مشیرِ گورنر برائے اطلاعات، ریلیف و بحالی ثمر ہارون بلور نے صوبے میں اصلاحات اور مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا جامع روڈ میپ سامنے رکھ دیا ہے۔
جمعہ کے روز میڈیا بریفنگ کے دوران ثمر ہارون بلور نے خوشخبری سنائی کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور افتتاحی تقریب پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے جبکہ قدرتی وسائل لوٹنے والے پلیسر گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف بڑے آپریشن میں 532 مشینیں ناکارہ بنا کر 192 ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں اور تمام لیزز منسوخ کر کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جے آئی ٹی قائم کر دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی مشیرِ گورنر نے صحت کارڈ و ایم ٹی آئیز کے آڈٹ، ڈی ایچ کیو صوابی کی اپ گریڈیشن، پشاور میں ایک لاکھ غیر رجسٹرڈ رکشوں کو 18 ماہ میں ای رکشوں میں تبدیل کرنے، نمبر پلیٹس کی ہوم ڈیلیوری اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے ونٹر کنٹیجنسی پلان کے نفاذ کی تفصیلات بھی جاری کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور:قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے گرینڈ یوتھ جرگہ کا انعقاد
تفصیلات کے مطابق مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے جمعہ کے روز ایک جامع میڈیا بریفنگ میں صوبہ بھر میں اہم انتظامی فیصلوں، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن، صحت و ٹرانسپورٹ اصلاحات، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور اقلیتی فلاحی اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
صوبائی دارالحکومت میں اعلیٰ سطحی کرکٹ کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور افتتاحی تقریب پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
انہوں نے پی ایس ایل میچز کے انعقاد کو پورے صوبے کے لیے اعزاز اور خوشی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ سے پشاور کی شاندار تاریخ، ثقافت اور مہمان نوازی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
قدرتی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے مشیرِ گورنر نے خیبر پختونخوا بھر میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تفصیلات بتائیں جس کے دوران مجموعی طور پر 532 مشینری یونٹس ناکارہ بنائے گئے، 65 مشینیں تحویل میں لی گئیں اور 192 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ صرف نوشہرہ میں 454 غیر قانونی مائننگ یونٹس اور سیٹ اپس ختم کر کے 153 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ کوہاٹ میں 78 سیٹ اپس ختم اور 48 تحویل میں لیے گئے اور کرک میں 17 سیٹ اپس ضبط کرنے کے ساتھ 17 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
ثمر ہارون بلور نے مزید بتایا کہ پلیسر گولڈ مائننگ سے متعلق تمام موجودہ لیزز جامع نظرِ ثانی کے لیے منسوخ کر دی گئی ہیں، نئی قانون سازی پر کام جاری ہے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لیے ریٹائرڈ ہائی کورٹ جج کی سربراہی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) قائم کر دی گئی ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ٹیرر کرائم نیکسس سیاسی انتقام نہیں بلکہ ایک سنگین قانونی اور سیکیورٹی مسئلہ ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شعبہ صحت کا ذکر کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام، ادویات، وینڈرز اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئیز) کے نظام کا آڈٹ جاری ہےکیونکہ انتظامیہ موجودہ نظام کو ازسرِنو شروع کرنے کے بجائے اس میں فوری اور مؤثر اصلاحات لانا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب اور ترکیے کے وفود کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات،باہمی یکجہتی کے عزم کا اعادہ!
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال صوابی کی اپ گریڈیشن اور نئے ونگ کو فعال بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے جہاں پانچ علیحدہ اور جدید آپریشن تھیٹرز قائم کیے جا رہے ہیں آئندہ دو ہفتوں میں ڈائیلاسز یونٹ نصب کر دیا جائے گا اور ایک نجی ٹرسٹ کی جانب سے 10 وینٹی لیٹرز عطیہ کیے گئے ہیں۔
مزید برآں ڈی ایچ کیو صوابی کو قریبی اضلاع کے عوام کے لیے طبی سہولیات کا بڑا مرکز بنانے اور پشاور کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور نرسز کی بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔





