حیدرآباد : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے دورۂ سندھ کے دوران صوبے کی چار نمایاں جامعات کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی، جس میں قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف شعور اجاگر کرنے سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس خصوصی نشست میں سندھ یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی، لیاقت یونیورسٹی اور شہید اللہ بخش یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
نشست کے دوران سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے، قومی شعور کی بیداری اور ملکی دفاع و سلامتی میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے ملکی حالات، سکیورٹی چیلنجز اور ڈیجیٹل میڈیا کے محاذ پر درپیش مسائل سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے مفصل اور مدلل جوابات دیے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کو سرسبز و شاداب بنانے کا بڑا فیصلہ، شہر بھر میں 15 لاکھ نئے درخت اور پھول لگانے کا اعلان
انہوں نے نوجوان نسل کو دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے سے باخبر رہنے اور حقائق کو پرکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر نشست میں شریک طلبہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ اس براہِ راست اور خصوصی ملاقات کے ذریعے انہیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کی حقیقت کو سمجھنے، قومی شعور اجاگر کرنے اور ملکی دفاع میں پاک فوج کے کردار سے متعلق براہِ راست آگاہی حاصل کرنے کا بہترین موقع ملا۔
نشست کے اختتام پر شرکا نے قومی یکجہتی، ملکی استحکام اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے ہر مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔





