دبئی: متحدہ عرب امارات کے 55 ویں یومِ وطنی ’’عید الاتحاد‘‘ کی تقریبات کے موقع پر معروف ٹیلی کام کمپنی ’’du‘‘ (ڈو) نے اپنے صارفین کے لیے 55 جی بی مفت نیشنل موبائل ڈیٹا فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی اس خصوصی آفر کے تحت اہل صارفین کو بغیر کسی اضافی معاوضے کے 55 جی بی اضافی نیشنل ڈیٹا دیا جا رہا ہے، جسے وہ متحدہ عرب امارات کے اندر استعمال کر سکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ سبسکرپشن تصدیقی پیغام کے مطابق یہ مفت ڈیٹا بنڈل 4 دسمبر 2026 تک کارآمد رہے گا۔
یہ پیشکش 2 دسمبر کو منائے جانے والے متحدہ عرب امارات کے 55 ویں قومی دن کی خوشی میں کی گئی ہے، تاکہ صارفین قومی دن کی تعطیلات کے دوران ملک کے اندر سفر کرتے ہوئے یا مختلف امارات میں ہونے والی تقریبات اور اپنی خوشیاں آن لائن شیئر کرتے وقت بلا تعطل انٹرنیٹ کی سہولت سے لطف اندوز ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کو سرسبز و شاداب بنانے کا بڑا فیصلہ، شہر بھر میں 15 لاکھ نئے درخت اور پھول لگانے کا اعلان
جو صارفین ’’عید الاتحاد‘‘ کے اس خصوصی بنڈل کو کامیابی سے فعال کر لیتے ہیں، انہیں ’’du‘‘ کی جانب سے باقاعدہ تصدیقی پیغام موصول ہوتا ہے جس میں درج ہوتا ہے کہ انہوں نے کامیابی کے ساتھ ’’عید الاتحاد‘‘ بنڈل سبسکرائب کر لیا ہے، جس میں 55 جی بی مفت نیشنل ڈیٹا شامل ہے اور یہ سہولت 4 دسمبر 2026 تک دستیاب رہے گی۔





