ذیابیطس (شوگر) کے مریضوں میں اکثر تمام تر توجہ خون میں شکر کی سطح اور ایچ بی اے ون سی کو قابو میں رکھنے پر مرکوز رہتی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ شوگر کنٹرول ہونے کے باوجود گردوں کی باقاعدہ جانچ بے حد ضروری ہے۔
ماہر ڈاکٹرز کے مطابق ذیابیطس سے منسلک گردوں کی بیماری، جسے ڈائبیٹک نیفروپیتھی کہا جاتا ہے، ایک سنگین پیچیدگی ہے جو اکثر خاموشی سے آگے بڑھتی ہے۔
خون میں شکر کی مسلسل بلند سطح گردوں کی باریک خون کی نالیوں کو متاثر کرتی ہے، اور اگر بلڈ شوگر بعد میں نارمل بھی ہو جائے تو پہلے سے پہنچنے والا نقصان مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا۔
ہائی بلڈ پریشر، شوگر کا پرانا ہونا، موٹاپا اور گردوں کے امراض کی خاندانی تاریخ اس خطرے کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
گردوں کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے دو بنیادی ٹیسٹ اہم قرار دیے جاتے ہیں جن میں پہلا یورین البیومن ٹو کریٹینائن ریشو ہے، جو پیشاب میں پروٹین یعنی البیومن کی مقدار ناپتا ہے اور گردوں کو پہنچنے والے ابتدائی نقصان کا اندازہ لگانے میں مدد دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گاڑیوں کی قیمتوں میں 38 لاکھ روپے تک بڑی کمی، ہیوال اور ٹینک 500 کے نئے نرخ جاری
دوسرا ٹیسٹ سیرم کریٹینائن اور ایسٹیمیٹڈ گلومیرولر فلٹریشن ریٹ پر مشتمل ہوتا ہے، جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ گردے خون کو کتنی مؤثر طریقے سے فلٹر کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق دونوں ٹیسٹوں کے نتائج کا اکٹھا جائزہ لینا ضروری ہے، کیونکہ بعض اوقات پیشاب میں البیومن نارمل ہونے کے باوجود گردوں کی کارکردگی کم ہو سکتی ہے۔
گردوں کے تحفظ کے لیے ماہرین نے بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر کی باقاعدہ نگرانی، ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا بند نہ کرنے، متوازن خوراک، نمک کے کم استعمال، باقاعدہ ورزش، مناسب نیند اور درد کش ادویات کے غیر ضروری یا طویل استعمال سے پرہیز کی سفارش کی ہے۔
ہدایات کے مطابق ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کو تشخیص کے وقت سے ہی سال میں کم از کم ایک بار جبکہ ٹائپ 1 کے مریضوں کو بیماری کے پانچ سال بعد سے باقاعدہ اسکریننگ کرانی چاہیے تاکہ بروقت علاج اور طرزِ زندگی میں تبدیلیوں سے بیماری کی رفتار کو سست رکھا جا سکے۔





