اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انتہائی حساس اور مہنگے ترین علاقے سیکٹر G-6/4 میں کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی جائیداد کی الاٹمنٹ منسوخی، رہائش گاہ کی سیلنگ اور فرنٹ مین امان اللہ ولد محمد یونس کے غیر ملکی شہری نکلنے کے بعد یہ پورا معاملہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تک جا پہنچا ہے۔
سرکاری مراسلوں، نادرا ریکارڈ، اسپیشل برانچ کی رپورٹس اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے احکامات نے ان سوالات کو مزید ہوا دے دی ہے کہ ایک غیر ملکی شہری کے نام پر دارالحکومت کی پوش املاک کس طرح منتقل ہوئیں، اس کے پیچھے کس کی طاقتور سرپرستی کارفرما تھی اور ان جائیدادوں کے لیے پیسہ کہاں سے آیا۔
انتظامی ذرائع اور سی ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون کی جانب سے 27 نومبر 2026 کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سیکٹر G-6/4 کی گلی نمبر 83 میں واقع مکان نمبر 7 (رقبہ 1200 مربع گز) تبدیلی ملکیت کے ذریعے امان اللہ ولد محمد یونس کے نام منتقل کیا گیا تھا۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ سی ڈی اے پراپرٹی مینوئل کے باب 6 کے پیراگراف 11(5) کے تحت کسی بھی جائیداد کے انتقال یا تبدیلی ملکیت کے لیے درست پاکستانی قومی شناختی کارڈ پیش کرنا لازمی شرط ہے۔
تاہم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی 25 نومبر 2026 کی مراسلت میں سپیشل برانچ کی 22 نومبر کی رپورٹ اور نادرا کی 25 نومبر کی تصدیق کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتایا گیا کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ثابت ہوا ہے اور اس کا پاکستانی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں فارنرز ایکٹ 1946 کی دفعہ 3 اور وفاقی حکومت کے 9 ستمبر 1984 کے حکم نامے کے تحت کوئی غیر ملکی شہری وفاقی یا صوبائی حکومت کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں براہ راست یا بالواسطہ کوئی زمین یا غیر منقولہ جائیداد حاصل نہیں کر سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے فرنٹ مین امان اللہ کے نام سے منسلک گلبرگ گرینز اور سیکٹر G-6/4 کی جائیدادوں کی مکمل چھان بین کا حکم دے دیا
ریکارڈ کے مطابق امان اللہ کی جانب سے ایسی کوئی تحریری اجازت پیش نہ کیے جانے پر الاٹمنٹ اور منتقلی کالعدم قرار دے کر رہائش گاہ سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
قانون کی واضح پابندیوں کے باوجود ایک غیر ملکی شہری کے نام پر وفاقی دارالحکومت کے مہنگے ترین سیکٹر میں 1200 مربع گز کی قیمتی جائیداد منتقل ہو جانے نے انتظامی غفلت کے ساتھ ساتھ بااثر سیاسی سرپرستی کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مبصرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بغیر طاقتور پشت پناہی کے ایک غیر ملکی فرد کے لیے نہ تو شناختی دستاویزات تک رسائی ممکن ہوتی ہے اور نہ ہی دارالحکومت کی حساس اور قیمتی املاک کا انتقال ہو سکتا ہے۔
تحقیقاتی حلقوں اور سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اٹھائے جانے والے سوالات کی کڑیاں فضل الرحمان سے ملتی دکھائی دے رہی ہیں کیونکہ سرکاری ذرائع کے مطابق ان کی ملکیتی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی امان اللہ کے نام سے منسلک پایا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب ایک طرف دینی و اصولی سیاست کا بیانیہ اپنایا جاتا ہو اور دوسری طرف مبینہ فرنٹ مین کے نام پر قیمتی املاک نکلتی ہوں تو یہ صورتحال بیانیے اور عمل کے درمیان تضاد کو نمایاں کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی 25 نومبر 2026 کی مراسلوں کے بعد ان جائیدادوں کے حقیقی مالک، فنڈنگ ذرائع اور بالواسطہ ملکیتی مفادات کا کھوج لگانے کے لیے متعدد پہلوؤں پر جانچ پڑتال آگے بڑھ رہی ہے:
فنڈز کے ذرائع اور نوعیت
یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان جائیدادوں کی خریداری کے لیے رقوم کہاں سے آئیں؟ آیا یہ جمعیت علمائے اسلام کے پارٹی فنڈز سے لی گئیں، مدارس کے چندے کی مد میں جمع ہوئیں یا اس کے پیچھے کوئی دیگر ذرائع و غیر قانونی نیٹ ورکس کارفرما تھے۔
ادائیگی کا طریقہ کار اور بینک ریکارڈ
اس امر کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے کہ ادائیگیاں نقد میں کی گئیں، بینک ٹرانسفر کے ذریعے ہوئیں یا حوالہ و ہنڈی کا سہارا لیا گیا، جبکہ متعلقہ بینکنگ ریکارڈ اور منی ٹریل کی جانچ کا عمل بھی زیر غور ہے۔
دیگر شہروں میں ممکنہ املاک
چھان بین کو صرف اسلام آباد کے سیکٹر G-6/4 اور گلبرگ گرینز کے مکان نمبر 318 تک محدود نہیں رکھا جا رہا بلکہ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا امان اللہ کے نام پر ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، ملتان اور کوئٹہ میں بھی فضل الرحمان یا جماعت سے منسلک کوئی جائیدادیں موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسلام آباد کی نگرانی میں سیکٹر G-6/4 کے مکان نمبر 7 سمیت دیگر املاک کے انتقال، الاٹمنٹ اور ٹرانسفر کا مکمل ریکارڈ کھنگالا جا رہا ہے تاکہ حقیقی مالک اور بالواسطہ ملکیتی مفادات کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔





