دبئی: پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر نسیم شاہ بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (ILT20) کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔
فرنچائز ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق نسیم شاہ بائیں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور تفصیلی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوران مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکیں گے، جس کے پیش نظر انہیں اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔
نسیم شاہ کو یہ انجری شارجہ واریئرز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران اس وقت پیش آئی جب وہ حریف بیٹر پال والٹر کو ایک شاندار یارکر پر بولڈ کرنے کے بعد فالو تھرو میں توازن برقرار نہ رکھ سکے اور میدان پر گر گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی ٹریڈنگ میدان میں پاکستان کی گونج، بینکاک کے لائیو مقابلے میں ابو کارٹیل نے تیسری پوزیشن جیت کر 20 ہزار ڈالر انعام اپنے نام کر لیا
ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی نے نسیم شاہ کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسیم شاہ نہ صرف ایک غیر معمولی فاسٹ بولر ہیں بلکہ میدان کے اندر اور باہر ٹیم کے لیے قائدانہ کردار بھی ادا کرتے ہیں۔
ٹام موڈی کے مطابق نسیم شاہ کی جگہ متبادل کھلاڑی کی شمولیت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، تاہم ان کی عدم دستیابی ٹیم میں شامل دیگر نوجوان اور ریزرو کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا ایک بہترین موقع ہے۔
واضح رہے کہ ڈیزرٹ وائپرز ایونٹ میں اپنا اگلا میچ اتوار کے روز گلف جائنٹس کے خلاف کھیلے گی۔





