فضل الرحمان دوسروں کو اخلاقیات کا درس دیتے ہیں، مگر اپنے قریبی ساتھی قاری شمس الدین کے خلاف بچوں سے زیادتی کے سنگین الزامات پر خاموشی کیوں؟

اسلام آباد:  جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی تعریف میں لکھی گئی کتاب کے مصنف اور دسمبر 2019 میں مانسہرہ میں ایک 10 سالہ طالب علم سے زیادتی کے مقدمے میں نامزد قاری شمس الدین کے حوالے سے سوشل میڈیا اور سیاسی و عوامی حلقوں میں ایک بار پھر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔

 مختلف حلقوں اور مبصرین کی جانب سے اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے جماعتی قیادت اور متعلقہ ملزم کے مبینہ روابط، مقدمے کی پیروی اور بریت کے عمل پر کڑے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بیانات اور ناقدین کے مطابق قاری شمس الدین نے مولانا فضل الرحمان کی شخصیت پر “مولانا فضل الرحمن زعمائے امت کی نظر میں” کے نام سے کتاب تحریر کی تھی، جس پر ماضی میں جماعتی حلقوں کی جانب سے ان کی پذیرائی بھی کی گئی۔

 ناقدین کا الزام ہے کہ قاری شمس الدین کو جے یو آئی کی قیادت سے مبینہ قربت حاصل رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دسمبر 2019 میں سامنے آنے والے سنگین کیس کے باوجود انہیں مبینہ طور پر سیاسی تحفظ فراہم کیا گیا۔

ریکارڈ اور ماضی کی میڈیا رپورٹس کے مطابق دسمبر 2019 میں مانسہرہ میں ایک 10 سالہ بچے کے اہل خانہ نے مقامی مدرسے کے معلم قاری شمس الدین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف بچے سے زیادتی کا مقدمہ درج کروایا تھا، جس کے بعد میڈیکل اور ڈی این اے رپورٹس میں زیادتی کی تصدیق کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈی ایس پی دیار خان اور 10 اہلکاروں کی شہادت کا بدلہ لے لیا گیا، ہنگو کارروائی میں مطلوب دہشتگرد خلفان احمد ساتھیوں سمیت جہنم واصل

 سوشل میڈیا پر سرگرم حلقوں کا الزام ہے کہ واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد مقامی جماعتی رہنماؤں کی جانب سے ملزم کی حوالگی کے لیے انتظامیہ پر دباؤ ڈالا گیا اور شرائط عائد کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم عوامی و حکومتی دباؤ کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ چلایا گیا۔

ناقدین اور مبصرین کی جانب سے یہ اعتراض بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ ابتدائی مراحل میں سزا کے اعلانات کے بعد معاملہ میڈیا کی نظروں سے اوجھل ہو گیا اور بعد ازاں قانونی کارروائی کے نتیجے میں پشاور ہائی کورٹ سے ملزم کی بریت عمل میں آئی، جس کے بعد وہ دوبارہ تدریسی سرگرمیوں سے وابستہ ہو گئے۔

سوشل میڈیا پوسٹس اور تنقیدی حلقوں کی جانب سے اس صورتحال کو نظامِ انصاف کی کمزوری اور بااثر حلقوں کے اثر و رسوخ سے جوڑتے ہوئے بچوں کے تحفظ اور مدارس کے نظام کی کڑی نگرانی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت اور ترجمان ماضی میں بھی اس نوعیت کے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ پارٹی مؤقف کے مطابق کسی بھی فرد کے ذاتی فعل یا مجرمانہ سرگرمی کی ذمہ داری پوری جماعت یا دینی مدارس پر عائد نہیں کی جا سکتی، جبکہ عدالتی فیصلے قانون اور شواہد کی بنیاد پر ہوتے ہیں جن سے جماعت کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

جے یو آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کی جانب سے پرانے اور عدالتوں سے طے شدہ معاملات کو اچھال کر جماعتی قیادت کی کردار کشی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top