ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور مقامی پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی، جس کے نتیجے میں یونائیٹڈ مجاہدین پاکستان (آئی ایم پی) سے تعلق رکھنے والے فتنہ الخوارج کے تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب کمانڈر خلفان احمد بھی شامل ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد سنگین حملوں میں مطلوب تھا۔
سی ٹی ڈی اور پولیس حکام کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے تینوں دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا انتہائی مطلوب دہشتگرد خلفان احمد ماضی میں ہونے والے خونریز حملوں کا مرکزی کردار تھا اور وہ ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت جبکہ 15 سے زائد اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعات میں براہِ راست ملوث تھا۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کے زیر استعمال غیر ملکی شہری کی جائیداد سیل، اسجد محمود کی گرفتاری اور اہلِ خانہ سے بدتمیزی کے دعوے بے بنیاد نکلے،اندرونی کہانی سامنے آگئی
حکام کا کہنا ہے کہ اس کی ہلاکت علاقے میں امن و امان کے قیام اور دہشتگرد نیٹ ورکس کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ہونے والے دیگر ساتھی دہشتگردوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔





