مردان: گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت گرلز کیڈٹ کالج مردان کے بورڈ آف گورنرز کا گیارہواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کالج کی مجموعی کارکردگی، مالیاتی امور اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم انتظامی و تعلیمی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بورڈ کے اراکین سمیت سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمود اسلم وزیر، کمشنر مردان سید محمد علی شاہ، کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹ سینٹر مردان کینٹ بریگیڈیئر احمد یامان، کالج کی پرنسپل طاہرہ مزمل اور محکمہ خزانہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مشیر تعلیم کو کالج کے قیام سے لے کر اب تک کے نو سالہ تعلیمی سفر، حاصل کردہ اہداف، انتظامی ڈھانچے اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ کالج کی نئی عمارت کے تعمیراتی منصوبے اور اس پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ بورڈ اجلاس کے منٹس کی مشروط منظوری دی گئی اور کالج کے قواعد و ضوابط کے مسودے پر قانونی کارروائی تیز کرتے ہوئے اسے جلد حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ قانون سے فوری رابطے کی ہدایت کی گئی۔
مالیاتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے بورڈ آف گورنرز نے کالج کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں اور مالی سال 2025-26 کے حقیقی اخراجات کی باضابطہ منظوری دی۔ اس کے ساتھ ہی کالج کے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے لیے دیگر سرکاری ملازمین کے مساوی نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : قومی ٹیم کے فاسٹ بولر انجری کا شکار، ٹی ٹوئنٹی لیگ سے باہر
طالبات کو داخلے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ کالج میں رائج کوٹہ سسٹم میں مزید بہتری اور شفافیت لانے کے لیے چیئرمین بورڈ آف گورنرز نے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی اور کمیٹی اراکین و پرنسپل کو ہدایت کی کہ وہ جامع سفارشات مرتب کر کے سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کو ارسال کریں تاکہ طالبات اور عوام کے وسیع تر مفاد میں متفقہ فیصلہ کیا جا سکے۔
مزید برآں آٹھویں جماعت میں داخلے کی خواہشمند طالبات کو ایک اور موقع فراہم کرنے کے لیے دوسرے انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں کالج کے سالانہ یومِ والدین کی تقریب منعقد کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا گیا، جس پر عملدرآمد کے لیے مشیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو سمری تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کالج انتظامیہ کی کارکردگی اور بالخصوص نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں طالبات کی نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے معیارِ تعلیم کو مزید بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔





