سیئول: جنوبی کوریا کی عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انسان نما روبوٹ کا پروٹوٹائپ تیار کر لیا ہے، جسے جنوری 2027 میں پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس نے گزشتہ ہفتے سیئول میں واقع اپنے روبوٹکس ریسرچ سینٹر میں کمپنی کے بورڈ اراکین اور شریک چیف ایگزیکٹو ٹی ایم روہ کے سامنے اس جدید پروٹوٹائپ کا عملی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے دوران روبوٹ کے پورے جسم کو متوازن انداز میں کنٹرول کرنے سمیت اس کے بازوؤں اور ہاتھوں کی مدد سے مختلف اشیا اٹھانے اور انہیں ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ اس انسان نما روبوٹ کو جنوری 2027 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے عالمی کنزیومر الیکٹرانکس شو (CES) میں متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے، جہاں اسے ٹیسلا، بوسٹن ڈائنامکس اور چین کی یونٹری جیسی بڑی روبوٹکس کمپنیوں کے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔
کمپنی کی خصوصی توجہ روبوٹ کے ہاتھوں کی باریک حرکات اور اشیا کو نہایت مضبوطی و درستگی کے ساتھ پکڑنے کی صلاحیت پر مرکوز ہے، کیونکہ صنعتی ماحول میں کام کرنے کے لیے اشیا کو گھمانا اور بالکل درست جگہ پر رکھنا ایک بڑا تکنیکی امتحان ہوتا ہے۔
اس حوالے سے سام سنگ کے روبوٹکس ایکسپرینس شعبے کے سربراہ کرس ہاؤزر کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں میں عملی استعمال کے لیے روبوٹ کی کارکردگی میں 99 فیصد درستگی بھی ناکافی تصور کی جاتی ہے، اس لیے کمپنی کا ہدف 99.99 فیصد کامیابی کی شرح حاصل کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گرلز کیڈٹ کالج مردان کا سالانہ بجٹ منظور، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، بورڈ اجلاس کی اندرونی کہانی اور اہم فیصلے سامنے آ گئے
واضح رہے کہ میموری چپس، اسمارٹ فونز اور گھریلو برقی آلات بنانے والی کمپنی سام سنگ نے مارچ 2026 میں اعلان کیا تھا کہ وہ 2030 تک اپنی فیکٹریوں کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے پیداواری مراکز میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اسی منصوبے کے تحت کمپنی جنوبی کوریا کے شہر گومی میں اپنے اسمارٹ فون کارخانوں کے ساتھ انسان نما روبوٹس کی تیاری کے لیے ایک خصوصی پروڈکشن لائن قائم کرنے جا رہی ہے۔
سام سنگ نے روبوٹکس کے شعبے میں تیز رفتار ترقی کے لیے جولائی 2025 میں ایک الگ روبوٹکس ایکسپرینس یونٹ قائم کیا تھا جبکہ امریکا، چین اور جاپان میں بھی اس کے تحقیقی مراکز سرگرم ہیں۔
اس سے قبل 2024 میں کمپنی نے جنوبی کوریا کی معروف فرم رینبو روبوٹکس میں اکثریتی حصص خرید کر اس شعبے میں اپنی طویل مدتی سرمایہ کاری کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد مستقبل میں صنعتی پیداوار کے ساتھ ساتھ گھریلو استعمال کے لیے بھی جدید روبوٹس متعارف کرانا ہے۔





