عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہاکہ رمضان کے مقدس ایام کو خونریزی اور بدامنی کی نذر کرنا انتہائی افسوسناک ہے، حالات کے پیش نظر اے این پی امسال عیدالفطر نہایت سادگی کے ساتھ منائی گی ۔
تفصیلات کے مطا بق عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی کےان واقعات کے تمام متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان افسوسناک واقعات میں جان سے جانے والوں کے اہل خانہ کے دکھوں کا مکمل مداوا ممکن نہیں، لیکن ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دے چکی ہے اور اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا درد ہم سے زیادہ کوئی نہیں جان سکتا
رہنما اے این پی کا مزيد کہنا تھا کہ انہی المناک حالات کے پیش نظر عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ سنت رسولؐ کی پیروی کرتے ہوئے امسال عیدالفطر سادگی کے ساتھ منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی پختونخوا کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی قسم کی پرہجوم تقریبات منعقد کرنے سے گریز کریں۔ عوام الناس سے بھی اپیل ہے کہ رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں اور سیکورٹی تدابیر کو ہر ممکن حد تک اپنائیں۔ ہمیں نہ صرف اپنی حفاظت کا خیال رکھنا ہے بلکہ اپنے خاندان، دوستوں اور کمیونٹی کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنت رسولؐ کے مطابق حقیقی خوشی وہی ہے جس میں ہم اپنے مستحق اور نادار بھائیوں کو بھی شریک کریں۔ اس لیے اے این پی کے کارکنان اور عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ عید کے موقع پر ان افراد کا بھی خاص خیال رکھیں جو کسی نہ کسی وجہ سے خوشیوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور ہم اس ناسور کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان مبارک ایام میں اس سرزمین کے امن و خوشحالی، دہشتگردی خاتمے اور مقابلے کیلئے ہمیں عزم اور طاقت عطاء کرنے کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ اللہ تعالی ہم سب کی عبادات قبول فرمائیں، دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل اور زخمیوں کو جلد کامل صحت عطاء فرمائے ۔





