خیبرپختونخوا حکومت نے 10 افسران کو گریڈ 20 میں مستقل ترقی دے دی

پشاور۔ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں 10 سینئر افسران کو گریڈ 20 میں مستقل بنیادوں پر ترقی دے دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پانے والے تمام افسران کو ان کے موجودہ عہدوں پر برقرار رکھا گیا ہے۔

جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ترقی پانے والے افسران میں ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ شاہ جہان، سیکرٹری صوبائی محتسب جوہر علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ جنید خان، مینجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی افتخار احمد، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر، مینجنگ ڈائریکٹر ضم اضلاع ایجوکیشن فاؤنڈیشن عین اللہ، اسپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ احمد زیب، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک، اسپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن غلام سعید خان اور مینجنگ ڈائریکٹر ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خواجہ فہیم سجاد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کا افسران اورملازمین کا تبادلہ روکنے کا فیصلہ

محکمہ اسٹیبلشمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ افسران کی کارکردگی، تجربے اور خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے، جو کہ صوبائی بیوروکریسی کی بہتری اور انتظامی کارکردگی میں اضافے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ ترقی کے بعد ان افسران کو فوری طور پر اپنی موجودہ ذمہ داریوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

Scroll to Top