اسلام آباد میں ژالہ باری، ورکشاپس والوں کی چاندی، ڈینٹ، پارٹس کی دگنی قیمتیں وصول کرنا شروع کردیں

اسلام آباد میں ژالہ باری، ورکشاپس والوں کی چاندی، ڈینٹ، پارٹس کی دگنی قیمتیں وصول کرنا شروع کردیں

اسلام آباد میں حالیہ ژالہ باری نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے، گاڑیوں کے مالکان اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

 بدھ کے روز ہونے والی تیز ژالہ باری نے سیکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچایا کہیں ونڈ سکرینیں چکنا چور ہو گئیں تو کہیں گاڑیوں کی چھتیں اندر کی طرف دھنسی ہوئی نظر آئیں، کئی شہریوں کی تو گاڑیاں مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں۔

ژالہ باری کے بعد شہر بھر کی ورکشاپوں میں گاڑیوں کا رش لگ گیا ہے، مکینکس، شیشہ فروش اور ڈینٹرز کی چاندی ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد پریشان اور خوار دکھائی دے رہے ہیں، مکینکس نے ونڈ سکرینوں اور گاڑیوں کے شیشوں کے نرخ دوگنے کر دیے ہیں، دس ہزار روپے کی ونڈ سکرین اب بیس ہزار میں فروخت کی جا رہی ہے۔

مکینکس نے بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مزدوری بڑھا دی ہے، شہری مجبوری کے تحت ایڈوانس رقم دے کر گاڑیوں کی مرمت کے لیے لائنوں میں لگے نظر آ رہے ہیں، ڈینٹ نکالنے والوں نے اپنی دکانوں کے باہر ایڈوانس بکنگ کے بورڈز آویزاں کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور راولپنڈی والے ہو جائیں ہوشیار، پھر اولے پڑیں گے

تمام تر صورتحال میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اب تک ژالہ باری سے ہونے والے مالی نقصانات کا کوئی باقاعدہ تخمینہ بھی جاری نہیں کیا گیا، نہ ہی متاثرہ افراد کے لیے کسی امدادی پیکج یا سروے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

Scroll to Top