خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 22 گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ۔
شہری علاقوں میں بھی 16 سے 18 گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے،مقامی شہریوں کے مطابق نہ دن سکون ہے، نہ رات چین۔ کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں، گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ طلبا و طالبات کا تعلیمی سلسلہ بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ علاقے میں پانی کی فراہمی کا نظام بھی بجلی کی بندش کے باعث درہم برہم ہو چکا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور واپڈا حکام نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، اور کسی قسم کی بہتری کی امید نظر نہیں آ رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور کوہاٹ کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔