پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ سیاستدان کو الیکشن اور موت کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر دائر توہین عدالت کیس اب تک مقرر نہیں کیا گیا،پی ٹی آئی قیادت سیاسی قیدی ہے اور ہم صرف انصاف کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دو دن قبل ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور قیادت موجود تھی ، چیف جسٹس کے پاس پیش ہونا چاہا مگر وہ شاید چلے گئے تھے ،پٹیشن کو دائری نمبر لگادیاگیا مگر وہ ابھی تک فکس نہیں ہوئی ، پہلے بھی ہمارے کیس یہاں پر لگتے رہے ہیں اس کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا ، اس وقت کوئی زمین آسمان اوپر نیچے نہیں ہوا ۔
انہوں نے کہاکہ ہم ریاست کا حصہ ہیں ، ریاست کی جو تعریف یہ لوگ کرتے ہیں وہ یکسر مختلف ہے ، عقل کے اندھوں سے کہتا ہوں کہ آئین کامطالعہ کرلیں تو سمجھ آئیگا کہ ریاست کیاہوتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ہارڈ اسٹیٹ نہیں کیوں کہ یہاں قانون کی حکمرانی ہی نہیں ،یہاں صرف جنگل کا قانون چل رہاہے ، عمران نہ ڈھیل مانتے ہیں نہ ہی ڈیل کو مانتے ہیں ، بانی کی بہنوں کو سیاست میں لانا ناجائز ہے ، بہنیں بطور فیملی ممبر ملاقات کرتی ہیں ،انہوں نے استعفے کی خبروں کی تردید بھی کی اور کہا کہ سیاستدان کو الیکشن اور موت کیلئے ہر وقت تیار رہنا چاہیے ۔