وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج پہلے سے تیار کی گئی سازش کا واضح ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر عطا تاڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مؤقف اس واقعے پر بالکل واضح ہے اور پاکستان نے واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ سے ملکی معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اس وقت فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں براہ راست ملوث ہے، جعفر ایکسپریس کے واقعے میں دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو یرغمال بنایا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا بھارت نے آج تک پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت نہیں کی، بھارت کے علاوہ پوری دنیا نے جعفر ایکسپریس واقعے کی مذمت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: فورسزنے54 خارجیوں کوگھیرکرآپریشن کےدوران ہلاک کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی حکومت دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث پائی گئی ہے اور ہمارے پاس اس حوالے سے کلبھوشن یادیو کی صورت میں ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔





