پہلگام واقعے سے کون فائدہ اٹھا رہا ہے؟ گرپتونت سنگھ پنوں نے سازشوں کی نئی کہانی بیان کردی

اسلام آباد: سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے سربراہ اور خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلگام حملہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے رچایا گیا ایک منصوبہ بند ڈرامہ ہے، جس کا مقصد اپنی ہندوتوا ایجنڈے کو تقویت دینا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پنوں نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی برآمد کر رہا ہے اور خود ان پر بھی امریکا میں جان لیوا حملے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت یا تو تاریخ سے سبق نہیں سیکھ رہی یا جان بوجھ کر حقائق کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سکھ اپنے دفاع کے لیے کسی حد تک جا سکتے ہیں۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کرنے والے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور عالمی برادری کو ان مظلوموں کی آواز سننی چاہیے۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ دنیا بھر میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے کریں تاکہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مودی حکومت نے بھارتی پنجاب میں کسی قسم کا ڈرامہ رچایا تو دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے شدید احتجاج کیا جائے گا اور انہیں بند کرنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔

پنوں نے پاکستان کو بھی مشورہ دیا کہ جارحانہ انداز میں دنیا بھر میں بھارت کی مکاری اور جھوٹ کو بے نقاب کرے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی کلنٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر سکھوں کا قتل عام بھارتی سازشوں کا حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانا بھارت کا نیا پروپیگنڈہ ہے، مولانا فضل الرحمان

سکھ رہنما نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کو پہلگام حملے سے کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟ اصل فائدہ مودی حکومت کو ہوتا ہے، جو اپنی ہندوتوا سیاست کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔
انہوں نے نریندر مودی کو دنیا کا بڑا دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کا ذمہ دار اب دوسروں پر الزامات لگا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں پہلگام حملے کو بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا ایک فالس فلیگ آپریشن قرار دیا تھا۔

Scroll to Top