وزارت مذہبی امورنےحج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا

قومی ایئرلائن کا حج آپریشن شروع،پہلی پرواز 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ روانہ

ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713 آج صبح 4 بج کر 45 منٹ پر 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے حج 2025 کے لیے فضائی آپریشن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713 آج صبح 4 بج کر 45 منٹ پر 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پُرعقیدت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے شرکت کی۔

پی آئی اے کے حج آپریشن کے تحت آج مزید دو پروازیں روانہ ہوں گی۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 آج رات 10 بجے 323 حجاج کرام کو لے کر روانہ ہوگی۔

قومی ایئرلائن مجموعی طور پر تقریباً 35 ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی، جس کے لیے 117 سے زائد خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ حج آپریشن دو مراحل پر مشتمل ہوگا: پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ ایئرپورٹ پر حجاج کو اتارا جائے گا۔

اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر سعودی حکومت کے تعاون سے’’روڈ ٹو مکہ‘‘سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت عازمین حج سعودی امیگریشن کی تمام کارروائی پاکستان میں ہی مکمل کر کے براہِ راست سعودی عرب پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ بعد از حج آپریشن 10 جون سے 10 جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔

Scroll to Top