پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی۔
جمعرات کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے دیے گئے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم محض 117 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کامران غلام 29 اور یاسر خان 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کے بولرز محمد نبی نے 3، خوشدل شاہ، میر حمزہ نے 2،2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سےقبل کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، وارنر اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو 53 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، سیفرٹ 22 رنز بنانے کے بعد عبید شاہ کا شکار بنے۔
ڈیوڈ وارنر 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جبکہ عمیر یوسف صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
جیمز ونس نے عرفان خان نیازی کے ساتھ ملکر 78 رنز کی اہم شراکت قائم کی، عرفان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
جیمز ونس کیریز پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سینچری مکمل کی وہ 45 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔ خوشدل شاہ نے 13 گیندوں پر 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کے عبید شاہ نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویلے اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔





