امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ایسا رد عمل نہیں دینا چاہیے جو خطے میں تنازع یا کشیدگی کا باعث بنے۔
جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو حالیہ کشیدگی کے پیش نظر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بڑے علاقائی تنازعے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایسا ردعمل نہیں دینا چاہیے جو خطے میں مزید کشیدگی یا جنگ کا باعث بنے۔
ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے ملک میں موجود شدت پسند عناصر کے خلاف اقدامات کرے گا، انہوں نے زور دیا کہ امریکا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک امن کے لیے مل کر کام کریں اور مسئلے کو بات چیت سے حل کریں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ہماری امید ہے کہ بھارت اس دہشت گرد حملے کا ایسا جواب دے جو خطے میں کسی بڑے تصادم کا سبب نہ بنے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ امریکا صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور چاہتا ہے کہ کشیدگی کو بڑھنے سے پہلے روکا جائے کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور کسی بھی تصادم کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی عدلیہ مودی سرکار کی ہمنوا، پہلگام واقعے کی تحقیقات کی درخواست مسترد کر دی
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ شدت پسند حملے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے، امریکا سمیت دیگر ممالک نے معاملے کے حل کیلئے مذاکرات پر زور دیا ہے۔





