سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ پاکستان سے ازبکستان منتقل کر دی گئی ہے، ایونٹ کی منتقلی کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
چیمپئن شپ کا انعقاد پہلے 29 مئی سے اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم پہلگام واقعے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اسے انہی تاریخوں میں ازبکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے بھی ایونٹ کی منتقلی کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت سمیت بعض ملکوں کی ٹیمیں پاکستان آ کر شرکت کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہی تھیں۔ اس تناظر میں سینٹرل ایشین والی بال فیڈریشن کا اجلاس نیپال میں منعقد ہوا، جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایونٹ کو متبادل مقام پر منتقل کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات سامنے آنے کے بعد پاکستان نے بھی مؤثر سفارتی ردعمل دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کھیل میں سیاست، بھارت سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ سے فرار
ایونٹ کی منتقلی کو خطے میں کھیلوں پر سیاسی کشیدگی کے اثرات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس پر کھیلوں کے حلقوں میں بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





