ملک بھر کے سرکاری و نجی ملازمین اور طلباء کے لیے آئندہ ماہ دسمبر میں ایک طویل ویک اینڈ کا موقع بن گیا ہے کیونکہ 25 دسمبر بروز جمعہ آنے کے باعث شہری ایک ساتھ تین چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
وفاقی حکومت کے سالانہ عام تعطیلات کے کلینڈر کے مطابق 25 دسمبر بروز جمعہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش اور کرسمس کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
جمعہ کی سرکاری چھٹی کے بعد 26 دسمبر بروز ہفتہ اور 27 دسمبر بروز اتوار کی معمول کی ہفتہ وار تعطیلات آنے کے باعث سرکاری دفاتر اور نجی اداروں کے ملازمین کو مسلسل تین دن آرام کا موقع میسر آئے گا۔
کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ سالانہ تعطیلات کے شیڈول میں 25 دسمبر کو عام تعطیل قرار دیا گیا ہے جبکہ 26 دسمبر بروز ہفتہ کرسمس کے اگلے روز کی مناسبت سے مسیحی ملازمین کے لیے مخصوص تعطیل شامل کی گئی ہے۔
اس طویل ویک اینڈ کے باعث خاندانوں کو مختصر تفریحی دوروں کی منصوبہ بندی کرنے، اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور کرسمس کی تقریبات میں بھرپور انداز میں شریک ہونے کا بہترین موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خلا بازی کے میدان میں نئے دور کا آغاز: نوجوان اس تاریخ ساز مشن سے متاثر ہو کر سائنس و خلائی تحقیق کی طرف آئیں گے،احسن اقبال
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کے سالانہ کلینڈر میں ان تعطیلات کا اندراج پہلے سے موجود ہے تاہم کابینہ ڈویژن کی سرکاری ویب سائٹ پر دسمبر کی تعطیلات کے حوالے سے تاحال کوئی علیحدہ تاریخ وار نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔





