خلا بازی کے میدان میں نئے دور کا آغاز: نوجوان اس تاریخ ساز مشن سے متاثر ہو کر سائنس و خلائی تحقیق کی طرف آئیں گے،احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈرمحمد ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی کو ملکی تاریخ کا عظیم ترین اور ناقابلِ فراموش سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخ ساز موقع پر ان کے جذبات کی شدت ایسی ہے کہ الفاظ ان کا ساتھ نہیں دے رہے۔ 

شمال مغربی چین کے ’جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر‘ میں پاکستانی خلا باز کی الوداعی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لمحہ نہ صرف ان کے لیے ذاتی طور پر باعثِ فخر ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور وفد کے اراکین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے پُرجوش انداز میں کہا کہ آج پورا پاکستان ٹی وی اسکرینوں کے سامنے بیٹھا ان تاریخی اور یادگار لمحات کا براہِ راست مشاہدہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے اس بہادر ہیرو محمد ذیشان علی پر بے حد فخر ہے جو اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے ہمراہ ایک عظیم مشن پر خلا کی وسعتوں میں جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق پاک چین اشتراک سے ہونے والی یہ پرواز دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی، باہمی اعتماد اور سائنسی تعاون کی روشن ترین مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان زندہ باد، پاک چین دوستی پائندہ باد: پہلے پاکستانی خلا باز کی تاریخ ساز اڑان پر ملک بھر میں جشن!

اپنی گفتگو میں مستقبل کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے احسن اقبال نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی نوجوان نسل اس تاریخی پرواز کے مناظر دیکھ کر خلا بازی، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں کی جانب راغب ہوگی۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ تاریخ ساز لمحات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں گے اور تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، یہ پاکستان کے خلائی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک شاندار اور روشن دور کی محض شروعات ہے۔

Scroll to Top