اسپین نے پاکستان کے تحمل مزاج رویے کو عالمی سطح پر سراہا

اسلام آباد :بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی سفارتی حکمت عملی اور جنگی پالیسی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے پاکستان کے متناسب اور سفارتی ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے کشیدگی کے دوران انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسپین کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ردعمل متوازن تھا اور اس نے سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔

پیڈرو سانچیز نے مزید کہا کہ دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد یہ ضروری ہے کہ بھارت اور پاکستان اپنے معاملات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کریں۔

وزیراعظم سانچیز نے گزشتہ رات کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کل رات دو ایٹمی قوتوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے، جس سے عالمی سطح پر کئی خدشات نے جنم لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی امن کو درپیش خطرات کا حل صرف اور صرف سفارتکاری اور امن کے مطالبے میں ہی مضمر ہے، اور اس کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ترکیہ کا دوٹوک اعلان! بھارت کی جارحیت ناقابل قبول،پاکستان کی حمایت میں کھڑا ہوگیا

اسپین کے وزیراعظم نے پاکستان کے کثیرالجہتی سفارتی کردار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت نے پاکستان کے تین مقامات پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 31 افراد شہید اور 71 زخمی ہو گئے، جن میں بچے بھی شامل تھے۔ اس حملے کے جواب میں پاکستان نے بھارتی فوج کے 5 طیارے مار گرائے، جن میں 3 جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

Scroll to Top