مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت مشرقی سرحد پر جارحیت کیساتھ ساتھ مغربی سرحد پر دہشتگردوں کو اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں، اور خاص طور پر خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر کے تخریبی کارروائیوں کو ہوا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور عوام دشمن کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ ’’بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، اور اس کی حالیہ اشتعال انگیزیوں کا مؤثر جواب دینا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔‘‘
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں مساجد کو نشانہ بنایا، تاہم پاک فوج نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ ’’پاکستان آرمی کے منہ توڑ جواب کے بعد دشمن سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا، اور اب اسے ہمارے اگلے سرپرائز کا انتظار کرنا ہوگا۔‘‘





