امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے حالیہ الزامات اور جارحیت کے تناظر میں انتہائی دوٹوک اور سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ پاکستان خاموش رہے گا۔
سفیر رضوان سعید شیخ انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں بھارت کے الزامات اور جارح اقدامات کی سختی سے تردید کی اور پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کیا۔
رضوان سعید شیخ نے بھارت کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو دہشت گردی کے مرکز سے جوڑنے کی کوشش کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کرکٹ سٹیڈیم میں کون سا دہشت گردی کا مرکز کام کر رہا تھا۔
پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی جارحیت پر پاکستانی سفیر نے سوال اٹھایا کہ دنیا کیا واقعی یہ مثال قائم کرنا چاہتی ہے کہ بغیر کسی ثبوت کے ایک خودمختار ملک کے خلاف کھلی جارحیت کی جائے؟
رضوان سعید شیخ نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد، غیر ذمے دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اگر بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلگام جیسے مضروضے پر مبنی واقعات کا سہارا لے کر بھارت نے جارحانہ کارروائی کی جس میں پاکستان کے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جو قابل مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا دشمن کو منہ توڑ جواب، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی مزید پوسٹیں تباہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچ بھی نہیں آنی چاہیے کہ پاکستان پر حملہ ہو گا اور پاکستان خاموشی اختیار کرے گا، پاکستان کسی صورت اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی اور کھلی جارحیت کا سنجیدہ نوٹس لے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔





