تخت بھائی کے گنجئی کلی سے تعلق رکھنے والے پاک فضائیہ کے ریڈار ٹیکنیشن محمد ایازنے سرگودھا ایئر بیس پر بھارتی حملے کے دوران مادرِ وطن پر جان نچھاور کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، مشیر صحت احتشام خان ایڈوکیٹ، رکن قومی اسمبلی علی محمد خان، رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، اسسٹنٹ کمشنر جنید خالد، ضلعی افسران، معززین علاقہ، شہید کے اہلِ خانہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے ظاہر شاہ طورو، اور چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
شہید کو مسلح افواج اور خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے سلامی دی گئی، اس موقع پر فضا شہید زندہ ہیں کے نعروں سے گونج اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی جریدے ٹیلی گراف کی پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کی تعریف، بھارت کی فضائی ناکامی پر سخت سوالات
قوم شہید محمد ایاز کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے وطن کے دفاع اور خودمختاری کی خاطر اپنی جان قربان کر کے تاریخ میں اپنا نام امر کر دیا۔





