براہ راست مذاکرات کی تیاری، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز آج ہاٹ لائن پر اہم رابطہ کرینگے

براہ راست مذاکرات کی تیاری، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز آج ہاٹ لائن پر اہم رابطہ کرینگے

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کی کوششوں کے تحت دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان آج ایک اور اہم رابطہ متوقع ہے، جو ہاٹ لائن کے ذریعے صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کے مطابق اس رابطے میں 10 مئی کو ہونے والے سیز فائر معاہدے کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ دونوں افواج کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان 10 مئی کی سہ پہر بھی رابطہ ہوا تھا، جس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فوری سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع اس پیش رفت کو دو طرفہ تعلقات میں اہم موڑ قرار دے رہے ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے مستقبل میں براہ راست مذاکرات کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی سفارتی و عسکری روابط جاری ہیں، اور ممکنہ طور پر یہ مذاکرات کسی تیسرے ملک میں منعقد کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کو ان مذاکرات کی میزبانی کے لیے ایک ممکنہ مقام کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سفارتی نمائندوں اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان مسلسل رابطے جاری ہیں، جو مذاکرات کے وقت اور مقام کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

یہ رابطے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اہم قرار دیے جا رہے ہیں، اور عالمی برادری کی جانب سے بھی اس عمل کو مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top